سولیا،5؍ نومبر (ایس او نیوز) پروین نیٹارو مرڈر معاملہ کی تحقیقات کر رہی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے آج صبح جنوبی کینرا، میسورو، ہبلی اور دوسرے مقامات پر پی ایف آئی اور ایس ڈی پی لیڈروں کے ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی اور تین ملزمین کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق این آئی اے کے ذریعہ تحویل میں لیے گئے افراد کی شناخت ایس ڈی پی آئی اسٹیٹ سیکریٹری شافع بیلارے ، بیلارے گرام پنچایت صدر اقبال بیلارے اور سولیا کے رہنے والے ابراہیم کے طور پر کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ تین دن قبل ہی این آئی اے نے پروین نیٹارو مرڈر کیس میں مطلوب 4 ملزمین کی تلاش میں مدد کرنے والوں کے لئے نقد انعامات کا اعلان کیا تھا ۔ جس میں بیلارے کے رہنے والے محمد مصطفیٰ اور مڈیکیرے کے رہنے والے ایم ایچ طفیل کے نام پر 5 لاکھ روپے فی کس اور سولیا کے رہنے والے عمر فاروق اور بیلارے کے رہنے والے ابوبکر صدیق کے نام پر 2 لاکھ روپے فی کس دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔